Add to favourites
News Local and Global in your language
23rd of July 2018

International



پاکستان نے زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں پاکستان نے میزبان زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کی اس ٹورنامنٹ میں زمبابوے کے خلاف مسلسل دوسری فتح ہے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان نے حسین طلعت اور فخر زمان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 163 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور حارث سہیل نے کیا اور دونوں نے ٹیم کو 58 رنز کا اوپننگ سٹینڈ فراہم کیا جس کے بعد حارث 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد حسین طلعت بیٹنگ کرنے آئے اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 92 رنز تک پہنچایا۔

اس موقع پر اوپنر فخر زمان باؤنڈری لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ فخر صرف تین رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری سکور کرنے میں ناکام رہے۔ ان کی 47 رنز کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز کریز پر آئے اور حسین طلعت کے ساتھ مل کر سکور کو 138 رنز تک پہنچایا تو حسین طلعت باؤنڈری لگانے کی کوشش میں 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سہ فریقی ٹورنامنٹ کے مزید میچز کے بارے میں پڑھیے

ماساکدزا بھول گئے کہ محمد نواز بھی ہیں!

سہ فریقی سیریز، پاکستان کی 74 رنز سے جیت

فنچ کی جارحانہ بلے بازی، آسٹریلیا نو وکٹوں سے فاتح

حسین کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کریز پر آئے جنھوں نے سرفراز کے ساتھ مل کر 163 رنز کا ہدف 20ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ سرفراز 38 رنز پر جبکہ شعیب ملک 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے پہلے زمبابوے کی اننگز کی خاص بات اوپنر سولومن مائر کی بیٹنگ تھی جنھوں نے صرف 63 گیندوں پر 94 رنز بنائے۔

مائر کے علاوہ ژواؤ اور مساکدزا نمایاں بلے باز رہے جنھوں نے بالترتیب 24 اور 33 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے بولنگ کارکردگی اتنی خاص نہیں رہی اور کپتان سرفراز احمد نے سات بولرز استعمال کیے۔

جب زمبابوے نے اپنی بیٹنگ شروع کی تو ان کے اوپننگ بلے باز سیفاس ژہواؤ اور سولومن مائر نے 49 رنز کی شراکت قائم کی جسے آٹھویں اوور میں فہیم اشرف نے سیفاس ژہواؤ کو بولڈ کر کے توڑا۔

بعد کے آنے والے بلے بازوں نے خود اتنا جارحانہ انداز نہیں اپنایا لیکن مائر کا بھرپور ساتھ دیا۔

12ویں اوور میں شاداب خان نے پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی جب انھوں نے ماسکادزا کو کو صرف دو رنز پر آؤٹ کر دیا۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر جن کو ٹیم میں آج دوبارہ جگہ ملی زیادہ نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پاکستان نے آج کے میچ میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے محمد حفیظ کی جگہ حارث سہیل کو اور عثمان خان کی جگہ محمد عامر کو ٹیم میں جگہ دی تھی۔

ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے مقابلوں میں آسٹریلیا کے پلہ بھاری رہا اور وہ پاکستان اور زمبابوے کو بھاری شکست سے دوچار کر کے پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے میچ میں شکست دی تھی اور وہ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ میزبان ٹیم دونوں میچ ہار چکی ہیں۔

Read More




Leave A Comment

More News

BBCUrdu.com | صفحۂ

دنیا - وائس آف

The News International -

AAJ News

AL JAZEERA ENGLISH (AJE)

The Dawn News - Home

China Post Online -

Reuters: World News

FOX News

Asian Correspondent

Disclaimer and Notice:WorldProNews.com is not the owner of these news or any information published on this site.